بھٹکل:30؍نومبر (ایس او نیوز)تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدود کی سرکاری اردو جامعہ اسکول کے اطراف کچرہ اور مرے ہوئے جانور پھینکنے سے علاقہ میں ماحولیاتی آلودگی اور اسکولی بچوں کی صحت پر برے اثرات ہورہے ہیں، اس سلسلے میں مناسب انتظام کا مطالبہ لے کر الجامعہ اسپورٹس سنٹر ہیبلے بھٹکل کی طرف سے 30نومبر 2018بروز جمعہ کو ہیبلے گرام پنچایت صدر کو میمورنڈم سونپا گیا۔
الجامعہ اسپورٹس سنٹر کے ذمہ داران نے میمورنڈم میں کہا ہےکہ جامعہ اردو سرکاری اسکول کےقریب والی جگہ پر علاقے کے عوام اپنے گھروں کا کچرا اور مرے جانور وں کو لاکر پھینک رہے ہیں، جس کے نتیجےمیں آلودگی پیدا ہونے کے علاوہ اسکول کے بچوں کی صحت پر برااثر ہورہا ہے۔ اسکول کی پڑھائی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے کھیل کود بھی پریشانی کا باعث بنتا جارہاہے۔ اسکول سے متصل مسجد اور مدرسہ بھی ہے ، عوام اور راہ گیروں چلنا پھرنا دوبھر ہوگیا ہے۔ اس سلسلےمیں پنچایت اقدام کرتے ہوئے کچرے کی نکاسی کے لئے مناسب انتظامات کیا جائے ورنہ عوامی سطح پر احتجاج کئے جانے کا میمورنڈم میں انتباہ دیا گیا ہے۔ ہیبلے پنچایت کے پی ڈی اؤ جینتی نائک نے میمورنڈم وصول کیاتو اس موقع پر الجامعہ سنٹر کے سکریٹری سہیل مختصر، سفیان دڈی، ثناء اللہ فراس، یاسین کُمٹیکر، سلیم علیجی ، شاہد مختصر اور مدثر ملا وغیرہ موجود تھے۔